سندھ حکومت نے ملک دشمنی کرتے ہوئے شوگر ملیں بند کر کے چینی کا بحران پیدا کیا، شہباز گل

7  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شوگر مافیا ہر دور میں حکومت کو بلیک میل کرتا رہا ہے،بدقسمتی سے جب بھی  ان پر کوئی قانون لاگو کرتے ہیں یہ عدالتوں سے سٹے آرڈر لے آتے ہیں، سندھ نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا اور ابھی تک شوگر ملیں نہ چلائیں ،اگر سندھ کی شوگر ملیں وقت پر چلتیں تو آج چینی کا بحران پیدا نہ ہوتا۔

آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 60 لاکھ ٹن چینی کی ضرورت ہوتی ہے، پچھلے سال چینی کم پیدا ہوئی جبکہ اس سال بمپر کراپ فصل ہوئی اور اس سال 70لاکھ ٹن چینی پیدا ہونے کی توقع تھی، زیادہ فصل ہونے سے ہمیں وقت سے پہلے گنے کی کرشنگ کرنا تھی اور ملوں کو چلانا تھا لیکن سندھ نے ملک دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے ابھی تک ملیں ہی نہیں چلائیں،  اگر سندھ والے بروقت ملیں چلاتے تو اس وقت چینی کا بحران پیدا نہ ہوتا۔

رہنماء پیپلز پارٹی مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ یا تو مرتضی وہاب کا سورج مغرب سے چڑھتا ہے یا ابھی سو کے نہیں اٹھے۔سندھ میں فصل پہلے تیار ہوتی ہے اس لئے سندھ میں ملز 1 مہینہ پہلے چلتی ہیں۔ مجھے پتہ نہیں تھا آپ اس قدر synthetic قسم کے انسان ہیں کہ آپکو اتنا بنیادی نقطہ نہیں پتا۔آپ لوگوں کی کرپشن نالائقی کو پورا ملک بھگت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوگر مافیا نے ہر دور حکومت میں حکومت کو بلیک میل کیا، ہم نے مسابقتی کمیشن کااز سرنو جائزہ لیا ،جرمانے کئے، ایف بی آر کا جو ٹیکس چوری ہوتا تھا اسے درست کیا ،قانون بنایا کہ کوئی مل اپنے پاس سٹاک نہیں کر سکے گی ورنہ حکومت اسے اپنی تحویل میں لیکر عوام کو بیچ دے گی لیکن بدقسمتی ہے کہ یہ مافیامہنگے وکیل سے عدالتوں سے سٹے آرڈر لے لیتے ہیں اور اس سے شوگر ملز کے مالکان کو براہ راست فائدہ ہوتا ہے لیکن تمام شہری مہنگائی کی چکی میں پستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین جو اس وقت مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں انہی کی جماعتوں کے افراد جو ان شوگر ملوں کے مالک ہیں وہ سٹے پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔ شہباز گل نے عدالتوں سے استدعا کی کہ آپ سیاسی معاملات میں انہیں ضرور سٹے دیں لیکن مہنگائی کے معاملہ میں انہیں کوئی رعایت نہ دیں ورنہ غریب عوام لٹکتی رہے گی، جب عدالت ان چوروں کو ریلیف دے گی تو عمران خان وہاں کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کیمرہ عدالت لگائی جائے اور اس کا فوری فیصلہ سنایا جائے۔

خطے میں سب سے سستا پٹرول پاکستان میں ہے
شہباز گل نے پٹرول کی قیمتوں کو لیکر ن لیگ کے احتجاج پر ردعمل میں کہا کہ پرویز رشید سیاسی برائی کا منبع ہے، کہہ رہے تھےکہ بھارت میں پٹرول سستا ہے، لیکن آج کانگریس نے کہا ہے کہ خطے میں سب سے سستا تیل پاکستان میں ہے، 2017ء میں جب پٹرول فی بیرل 27ڈالر تھا تو اس وقت پاکستان میں پٹرول کی قیمت  70روپے  فی لٹر تھی۔ اگر اس حساب سے دیکھا جائے تو آج تیل 200 روپے فی لٹر سے زیادہ کا ہونا چاہیے ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved