صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو شریک چیئرمین بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، بل گیٹس نے خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے پہلے دورے میں پرتپاک استقبال پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لئے ہلال پاکستان حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): منگل کے روز ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بل گیٹس نے اپنے خط میں پاکستان میں ہر بچے کی صحت اور بہبود کے تحفظ کے لئے صدر مملکت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کیلئے پولیو سے پاک مستقبل یقینی بنانے کا کام قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے، ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستان میں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ، پولیو پر پاکستان کی مسلسل کاوش ملک کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے معاون ثابت ہوگی۔
بل گیٹس نے کہا کہ ذہنی و جسمانی کمزوری، غذائیت کی کمی جیسے موضوعات پر بات کر کے خوشی ہوئی، خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات تک رسائی، احساس سماجی تحفظ کے پروگرا م کو مؤثر بنانے پر بات ہوئی۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مشترکہ دلچسپی کے دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت کا منتظر ہوں۔