مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عثمان بزدار صرف نام کا وزیراعلیٰ تھا، حکومتی امور فرح چلا رہی تھی۔
گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس کے بعد حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج نواز شریف نے پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ چرانے کا بدلہ لے لیا، عثمان بزدار صرف نام کا وزیراعلیٰ تھا ، اس کو فرح چلا رہی تھی ، پورے پنجاب میں ایک سڑک نہیں بنی ، ترقی ہوئی تو صرف فرح گجر کے گاؤں میں ہوئی ، فرح ہر ٹرانسفر اور پوسٹنگ میں کس کو کمیشن دیتی رہی ؟ جب اس کےجواب کا وقت آیا تو فرح کو باہر بھیج دیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے پہلے سویلین ڈکٹیٹر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا سر آج شرم سے جھک گیا جس طرح آج پنجاب اسمبلی کو تالا لگایا ،جس طرح پنجاب اسمبلی کے ارد گرد خار دار تاریں لگائی گئیں، میڈیا ممبران کی انٹری پر پابندی لگائی گئی،مجبوراً ارکان اسمبلی کو یہ اجلاس اس ہوٹل میں کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے بھی فرح گجر پر کرپشن کے الزامات عائد کئے تھے۔