الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں حلقہ بندیوں پر کام کا آغاز کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کا انتظار نہ کرنے اور 2017 کی مردم شماری کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 13 اپریل تک عام انتخابات کا مکمل ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت اور 4 ماہ میں حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں انتخاب کے لیے حلقہ بندیوں کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے الیکشن کمیشن پر بیان بازی کا جائزہ لیا گیا، الیکشن کمیشن میں جاری کیسز پر بھی بات چیت ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، ملک کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی حد بندی کی جائے گی اورالیکشن کمیشن مردم شماری 2017 کے نتائج کے مطابق حلقہ بندیاں کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ حلقہ بندیوں کا کام 4 ماہ میں مکمل کیا جائے۔