ایوان سے باہر سیاسی لڑائیوں میں مصروف ن لیگی اور پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی ایوان کے اندر ایک دوسرے سے خوش گپیوں میں مصروف نظر آئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ ہوا تو اس دوران پی ٹی آئی کے فواد چوہدری اور ن لیگ کے سعد رفیق آپس میں طویل گفتگو کرتے نظر آئے، بعد ازاں شفقت محمود بھی گفتگو میں شامل ہوگئے، وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی سعد رفیق سے بات چیت کی۔
ن لیگ کے جاوید لطیف حکومتی بینچوں پر جا کر پی ٹی آئی کی خاتون رکن قومی اسمبلی ملائکہ بخاری اور زرتاج گل سے گفتگو کرتے رہے۔
ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال بھی پی ٹی آئی کے شفقت محمود، شبلی فراز اور شوکت ترین سےگپ شپ میں مصروف نظر آئے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ساڑھے تین گھنٹے طویل وقفے کے دوران ارکان نے اپنی مصروفیات ڈھونڈ لیں۔
کسی نے نیند پوری کی ،تو کسی نے احتجاجی پوسٹر بنایا، ایم کیوایم کے امین الحق نشست پر سوتے ہوئے نظر آئے، ایم کیو ایم کے اسامہ قادری بھی نشست پر آرام کرتے رہے۔
پی ٹی آئی کی صائمہ حدید ضمیرفروش کا پوسٹر بناتی رہیں تو کسی نے آخری بال کی نشاندہی کے لیے گیندپر آخری لکھ دیا، مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آخری گیند عمران صاحب کو ڈھونڈ رہی ہے۔