اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے، تبدیلی نہیں چاہتی، وزیر اعظم

10  ‬‮نومبر‬‮  2021

  وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے جو تبدیلی کی خواہش مند نہیں ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 150 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کو وزیراعظم ہاوس میں ظہرانہ دیا گیا۔ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا جس معاشرے کی اخلاقیات قائم ہو تو آپ اس قوم کو ایٹم بم سے بھی ختم نہیں کرسکتے اور جب اخلاقیات ختم ہوتی ہے تو کرپشن اپنی جگہ بنا لیتی ہے

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے سیاست میں آنے کا مقصد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا تھا اور اخلاقی قوت کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہر سیاسی پارٹی یہ الزام لگاتی ہے کہ 50سال میں الیکشن صاف شفاف نہیں ہوئے، لیکن سابقہ حکومتوں نے اقتدار میں آنے کے بعد کبھی انتخابی اصلاحات پر کام نہیں کیا۔

عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حوالے سے کہا کہ ای وی ایم سے متعلق عجلت میں فیصلہ نہیں کیا، سابقہ انتخابات سے متعلق 2015 کی جوڈیشل کمیشن کا جائزہ لیا کہ دھاندلی کیسے ہوتے ہے، پولنگ کے ختم ہونے اور نتائج کےاعلان کے دوران دھاندلی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے متعدد فوائد ہیں کہ جیسے ہی انتخابات ختم ہوں گے فوراً نتائج سامنے ہوں گے، کسی کو ووٹ کی تصدیق درکار ہوگی تو اس کی تفصیلات بھی آسانی سے میسر ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی خاموشی مایوس کن ہے، انہوں نے ڈیڑھ برس میں انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت کو تجویز دی اور نہ ہی کوئی مدد فراہم کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے، یہ تبدیلی نہیں آنے دیں گے لیکن ہم ضرور تبدیلی لائیں گے۔

 ظہرانے میں ق لیگ، ایم کیو ایم، جی ڈے اے کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ ارکان کو کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved