مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر امریکہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک جمہوری پاکستان امریکی مفادات کیلئے اہم ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ میں جین ساکی کا کہنا تھا کہ ہم آئینی جمہوری اصولوں کی پرامن عملدرآمد کی حمایت کرتے ہیں، اور امریکہ قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کیلئے اہم سمجھا ہے، پاکستان میں قیادت کوئی بھی ہو اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے دوران اسلام آباد میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدم اعتماد کے پیچھے غیر ملکی ہاتھ ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے کہ اس تحریک کے ذریعے اگر حکومت تبدیل ہو گئی تو پاکستان کو معاف کر دیا جائے گا، بعد ازاں یہ بتایا گیا کہ وہ غیر ملکی دھمکی آمیز خط امریکہ کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔