وزیراعظم شہبازشریف سے چینی ناظم الامور کی ملاقات، سی پیک سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

12  اپریل‬‮  2022

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور پھینگ چْنگزو نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں خیرسگالی ملاقات کی۔ پھینگ چْنگزو نے اْنہیں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر چین کی حکومت اور قیادت کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

اسلام آباد – (اے پی پی): چین کی ناظم الامور نے زور دیا کہ چین وزیراعظم شہبازشریف کو ایک مضبوط اور پختہ عزم رکھنے والے اپنے دوست کے طور پر دیکھتا ہے جن کا چین میں بے پناہ احترام اور تعریف کی جاتی ہے۔انہوں نے گزشتہ دور حکومت میں بطور وزیراعلی پنجاب چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فروغ کے لئے وزیراعظم کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

چین کی قیادت کے لئے گرمجوشی پر مبنی تمناؤں اور تہنیت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے چین کے اپنے متعدد دوروں کا حوالہ دیا جن کے دوران انہیں صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کا پرمسرت اعزازحاصل ہوا اور صدر شی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لی۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے ‘فلیگ شپ’ منصوبے سی پیک پر جاری پیش رفت اور پاکستان کی معاشی ترقی و خوش حالی کے لئے اس کی اہمیت کو سراہا۔انہوں نے سی پیک کے اعلی معیار کے ترقیاتی منصوبہ جات پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے اور اسے چین پاکستان دوستی و گہری شراکت داری کی علامت بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صنعتوں کے قیام، زراعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں چین کی طرف سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر چین کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور علاقائی امن واستحکام کا عنصر قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان اور چین کے عوام کے دل میں پنہاں ہے اور چین پاکستان کا مضبوط اور قریب ترین شراکت دار ہے۔وزیراعظم نے یکساں مفاد میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved