عمران خان نے حکومت سے گھڑی خرید کر باہر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہے؟،فواد چوہدری

15  اپریل‬‮  2022

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات کے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائے جائیں۔

فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ اس وقت کے وزیراعظم نے حکومت سے خریدلی، عمران خان نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ شہباز شریف کا الزام ہے کیا؟ شہباز شریف کنفیوژ ہیں ان کو سمجھ نہیں آ رہا کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائیں۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گھڑی 5 کروڑ کی ہو یا 10کروڑ کی، اگر میری ہے اور میں نے بیچ دی تو اس پر کوئی اعتراض نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کبھی گھڑی تو کبھی کوئی کریکٹر لے آتے ہیں، شہباز شریف عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف سطحی گفتگو سے پرہیز کریں اور ملکی مسائل پر توجہ دیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف حکومت میں آئے پہلے دن چینی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا، گھی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے، حکومت تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرنے جارہی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے عوام کو دیا گیا ریلیف واپس نہ لیا جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved