الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ روزانہ سماعت کا مقصد عدالت کی ہدایت کے مطابق 30 دن میں کیس کا فیصلہ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سماعت روزانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ای سی پی کو 30 روز کے اندر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کی ہدایت کی تھی۔عدالت عالیہ نے اکبر ایس بابر کو فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی سے الگ کرنے اور انہیں ریکارڈ دینے سے روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا۔ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے