پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے تحریک انصاف کو میچ سے باہر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
کراچی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے کوشش کی جائے گی کہ پی ٹی آئی میچ سے ہی باہر ہوجائے، اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اورن لیگ کا فارن فنڈنگ کا کیس اکٹھا سنا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی اس سے زیادہ توہین کیا ہوسکتی ہے ایک ضمانت پر آدمی کو وزیر اعظم بنوادیا، اپنے لئے ان کے کیا معیار ہیں اور ہمارے اوپر ایک کرمنل کو وزیر اعظم بنادیا، یہ چوروں کو ملکوں کا سربراہ بناتے ہیں کیونکہ وہ آسانی سے استعمال ہوجاتے ہیں، امریکیوں نے اس کو ہم پر مسلط کردیا ہے، جو لوگ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے انھیں دوبارہ ہم پر مسلط کیا، جن آفیسرز نے ان کی چوری پکڑی تھی ان کے خلاف یہ کارروائیاں کرینگے؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مجھ پر فارن فنڈنگ کیس ڈالا ہے کہ مجھے کھیل سے باہر کردیں۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ ایف آئی اے اورنیب میں ہمارے خلاف جھوٹے کیس بنائیں گے، یہ کوشش کریں گے کہ سازش کرکے پھر میر جعفر آجائے، ہم اپنے اداوں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اگر ہمیں دیوار سے لگایا تو ملک کو نہیں آپ کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن رہیں، کبھی ٹکراؤ کی سیاست نہیں کریں گے، یہ ہماری پولیس اورفوج ہے اورہمارے ادارے ہیں، ہماری تحریک پرامن رہے گی۔