پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رات کو 12 بجے عدالت کھلنے والی بات ساری زندگی میرے دل میں رہے گی۔
کراچی جلسے سے خطاب کرتے ہوئےپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ رات کے 12 بجے عدالتیں کھل گئیں، میں پوچھتا ہوں کہ میں نے ایساکیا جرم کرنا تھا جو عدالتیں کھول دیں؟ میں نے آزاد عدلیہ کی جنگ لڑی اور مشرف نے جیل میں ڈالا، پاکستان کا قانون نہیں توڑا، کھیلوں کے میدانوں میں قوم کو شرمندہ نہیں کرایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واحد سیاست دان ہوں جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا، عدم اعتماد کی تحریک میرے خلاف کامیاب ہوئی اس کا پہلے سے علم تھا میچ فکس ہوگیا، مجھے تکلیف ہوئی کہ رات 12 بجے عدالتیں کھولیں یہ ساری زندگی میرے دل میں بات رہ جائے گی۔
عمران خان کا کہناتھا کہ عدلیہ سے دو اور سوال پوچھتا ہوں، ڈپٹی اسپیکر نے جو مراسلہ کہا تھا اس کو دیکھنا نہیں چاہیے تھا؟ ملک کے وزیراعظم کو دھمکی مل رہی ہے، ان کو پتا تھا کہ کس کو آنا ہے، میر جعفر اچکن تیار کرکے بیٹھا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ جو سازش ہمارے ملک کے خلاف ہوئی ،سب سن لیں کہ یہ سازش تھی یا مداخلت؟ یہ ایک بہت بڑی بین الاقوامی سطح پر اس ملک سے سازش ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں ، نہ میں اینٹی انڈین ہوں ،نہ انیٹی یورپین اور اینٹی امریکن ہوں ، میں دنیا میں انسانیت کے ساتھ ہوں ، میرا رب سب انسانوں کا خدا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی بڑی مضبوط اور طاقتور ہے اور وہ بھی پاکستان کو پیسے بھیجتے ہیں جس پر ہمارا ملک چلتا ہے لیکن میں دوستی سب سے چاہتا ہوں ،غلامی کسی سے نہیں چاہتا ۔