دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی حکومت پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے، پاک افغان سرحدی علاقہ محفوظ بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا افغان حکومت سے سرحدی علاقہ محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے لیکن اس کے باوجود دہشتگرد افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ان واقعات میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو سرحد پار سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں بارہا افغان حکومت سے پاک افغان سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے۔ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ دہشت گرد مکمل استثنی (آزادی) سے افغان سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان گزشتہ کئی ماہ سے ادارہ جاتی چیلنجز سے مشترکہ سرحد پر موثر رابطوں و سیکیورٹی کے لیے رابطہ میں ہیں، بدقسمتی سے سرحدی علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سرحدی چوکیوں پر حملے کر رہی ہے۔