پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے دوران ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اراکین اسمبلی پر تشدد اور تصادم کے معاملے پر پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کی شناخت کیلئے سی سی ٹی وی پولیس کو فراہم نہ کی گئی، پولیس افسران رات گئے تک اسمبلی میں ہی موجود رہے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی سیکریٹریٹ سی سی ٹی وی فراہم کرنے کی بجائے حیلے بہانے کرتی رہی۔ پولیس نے اسملبی سیکرٹریٹ کے تعاون نہ کرنے پر اعلیٰ پولیس افسران کو آگاہ کردیا اور سی سی ٹی وی نہ ملنے موبائل فوٹیجز سے ملزمان کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق اجلاس کے دوران مہمان گیلری میں موجود افراد کی فہرست بھی حاصل کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہونے والے واقعے پر پولیس نے اقدام قتل، تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔