سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت کی ایک بڑی غلطی تسلیم کر لی ہے۔
آج بنی گالا میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ سے جو کچھ بھی لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک غیر ملکی صدر نے مجھے گھر آکر تحفہ دیا وہ بھی جمع کروا دیا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ ہمارے خلاف کرپشن یا کوئی اسکینڈل نہیں آیا، کوئی ڈیل کی ہے تو بتائیں۔
ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنا غلطی تھی، انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر ضروری طور پر عدالتی محاذ آرائی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ ریفرنس اس وقت وزارت قانون کی جانب سے بھیجا گیا تھا، میرا کسی سے کوئی ذاتی عناد نہیں۔
یاد رہے کہ سابق حکومت نے مئی 2019ء میں جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ایک ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجا تھا۔ یہ ریفرنس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے بھیجا گیا تھا، جس میں یہ الزام عائد کیا گیا کہ فاضل جج نے 2011ء اور 2015ء کے دوران اپنی بیوی اور بچوں کے نام لندن میں تین جائیدادیں لیز پر حاصل کیں، جس کو انہوں نے اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔