وزیر اعظم شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قطر کے سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر قطری قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی قطر کی خواہش کا اعادہ کیا۔
PM Shehbaz Sharif received, Amb of State of Qatar in Islamabad, H.E. Sheikh Saoud Abdulrahman Al-Thani. The Prime Minister underscored the importance Pakistan attached to its relationship with Qatar & reiterated his resolve to work towards further expansion of mutual cooperation. pic.twitter.com/pKwlo7VALn
— Prime Minister's Office (@PakPMO) April 18, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے قطری قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغامات پر قطری سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قطر اورپاکستان کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،بالخصوص وزیراعظم نے اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے افغان امن عمل میں سہولت کار کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قطر افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ اور افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
قطر خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی آبادی کا گھر ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین عقیدے اور اقدار کی مضبوط بنیادوں پر قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔