سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سندھ میں 5 ہزار اسکول بند کرنے کا اعلان

13  ‬‮نومبر‬‮  2021

سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے سندھ میں 5 ہزار اسکول بند کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ ہمیں اسکولوں کی تعداد کم کرنی ہے اور باقیوں میں سہولیات بڑھائیں گے ۔

سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن 5 ہزار سرکاری اسکولوں کو بند کیا جائے گا ان میں سے 3 ہزار 6 سو اسکولوں کی فہرست بہت جلد ہم اخبارات میں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسکولوں کی تعداد کم کرنی ہے اور باقیوں میں سہولیات بڑھائیں گے تاہم اسکولوں کے زیر استعمال عمارتیں دیگر سرکاری محکموں کو دیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ مجھے دوسری بار تعلیم کی وزارت دی گئی ہے۔ ایک بار لاڑکانہ کے اسکول کا دورہ کیا تو بچے زمین پر بیٹھے ہوئے تھے اور بچوں کے بیٹھنے کے لیے ڈیسک نہیں تھے جبکہ استاد کے بیٹھنے کے لیے کرسی بھی نہیں تھی۔

سردار شاہ نے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کی شاعری اور سوچ سے نئی نسل کو آگہی ملے گی اور بچوں میں بہتر تربیت اور نشونما کا ماحول بنے گا۔انہوں نے کہا کہ موئن جو دڑو کو جنوری میں سو سال پورے ہوں گے تو پورے پاکستان میں سرگرمیاں ہوں گیں اور سندھ کی تہذیب کے حوالے سے آگہی کے لیے پورے سال تقریبات جاری رہیں گی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں میں غیر نصابی سرگرمیاں ہونی چاہیئیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ نصاب کو ماڈرن لائف کے مطابق کریں۔

سردار شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں اور وفاقی وزارت ثقافت ورثہ نے ایک روپیہ ہمارے لیے نہیں رکھا تاہم میں شفقت محمود صاحب سے بات کروں گا کہ وفاقی حکومت بھی آگے آئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved