وزیر اعظم شہباز شریف کو امیر قطر کا ٹیلیفون، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

18  اپریل‬‮  2022

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے پیر کے روز ٹیلیفون کیا ہے۔

اسلام آباد –  (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق امیرِ قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان قطر تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں پوری حمایت کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے قطر پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ،بالخصوص وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے مابین معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، مواصلات ، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے سکیورٹی ، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی فلاح و بہبود کے لئے قطر کے اقدامات کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک افغان عوام کے لئے امن ، استحکام اور انسانی امداد کے لئے مل کر کام کرتے رہیں۔

وزیر اعظم نے امیر قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔دونوں رہنماؤں نے قریبی باہمی روابط مضبوط کرنے اور پاکستان قطر تعلقات میں استحکام اور مزید وسعت لانے پر بھی اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved