ترک افواج نے شمالی عراق میں کرد جنگجوؤں کے خلاف زمینی اور فضائی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی نے کردش ورکرز پارٹی کے خلاف ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ترکی کے وزیر دفاع ہولوسی آکر نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ترک فورسز نے جنگی جہازوں اور توپوں سے کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترک فورسز کا حالیہ آپریشن شمالی عراق میں شروع کیا گیا ہے جس میں ہیلی کاپٹر اور جدید ڈرونز سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
ترک وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنگی جہازوں نے کامیابی سے کرد جنگجوؤں کے شیلٹر، بنکر، سرنگوں اسلحہ ڈپو اور ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا، جہاں سے کرد جنگجو ترکی پر حملہ کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کردش جنگجو گروپ کا ترک فوج کی حالیہ کارروائی پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔