گریجوایٹ کالج چوک اعظم لیہ کی تفریحی ٹور پر گئی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کی صورت میں بی ایس فورتھ سمسٹر کی طالبہ عریج فاطمہ ہلاک جبکہ شمسہ بی بی، نورین ارشد اور حدیقہ الیاس شدید زخمی ہوگئے تھے، ڈائریکٹر کالجز ڈی جی خان پروفیسر ڈاکٹر شیخ فیاض نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ کھیوڑہ کلر کہار کے تفریحی ٹور سے واپسی پر31 اکتوبر اور یکم نومبر کی درمیانی شب کو پیش آیا جب گوجرہ موٹروے پر طالبات سے بھری ہائی ایس ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے ٹرالر کے ساتھ ٹکرا گئی۔
طالبات اور والدین کا موقف
گریجوایٹ کالج کی طالبات کا کہنا ہے کہ کالج انتظامیہ نے تفریحی ٹور پر نہ جانے والی طالبات کو پریکٹیکل کے نمبر کاٹنے کی دھمکی دے کر زبردستی اس سرگرمی میں حصہ لینے کا کہا تھا، اس حوالے سے طالبات کی طرف سے کالج انتظامیہ کا ایک آڈیو میسج بھی ثبوت کیلئے پیش کیا جا رہا ہے جس میں کالج کے پروفیسر تفریحی ٹور پر نا جانے والوں کو پریکٹیکل کے نمبرز کاٹنے اور نقصان اٹھانے کے نتائج کا سامنہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
جاں بحق اور زخمی طالبات کے والدین کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود کالج انتظامیہ تفریحی ٹور کیسے لے کر گئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ جاں بحق طالبہ کے والدین کو کمیٹی کے سامنے بیان نہ ریکارڈ کرانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کر رہی ہے، ان پر دباؤ ڈالتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ جاں بحق طالبہ عریج کے والدین نے حکومت سے شفاف تحقیقات اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔