مولانا فضل الرحمٰن کی ہر حکومت میں شامل ہونے والی چابی زنگ آلود ہو چکی ہے، فواد چوہدری

13  ‬‮نومبر‬‮  2021

پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسوں پر ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ہر حکومت میں شامل ہونے والی چابی زنگ آلود ہو چکی ہے، جب ان کی دال نہیں گلی تو وہ احتجاجی طریقوں سے اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسلام آباد – (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے دو سال قبل آج ہی کے روز 13 نومبر 2019ءکو حکومت کے خلاف اپنا دھرنا ناکامی کے بعد ختم کیا تھا، ان کے پلان اے، بی سی ناکام ہوگئے تھے، جو بیانات اب دے رہے ہیں، اسی قسم کے بیانات اس وقت بھی انہوں نے دئیے، ان سیاسی بے روزگاروں کے پلے کچھ نہیں رہا، یہ صرف نعرے لگا سکتے ہیں۔

مولانا اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں

مولانا فضل الرحمان کے پی ڈی ایم کے جلسہ سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے، اس کا کام عوام کو صرف دھوکہ دینا ہے، پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں۔

لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، ہمیں فرق نہیں پڑتا

پی ڈی ایم کے دوبارہ متحرک ہونے اور لانگ مارچ کے بیانات پر ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ہو، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مولانا پہلے بھی لانگ اور شارٹ مارچ کا ناکام تجربہ کر چکے ہیں، عوام پہلے بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئے تھے اور اب بھی نہیں آنے والے، مولانا اپنی سردیوں کی ایکٹیویٹی کا شوق پورا کرلیں۔

پی ڈی ایم 2 سال انتظار کرے، اس کے بعد 5 سال مزید انتظار کرے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کو مشورہ ہے کہ وہ دو سال الیکشن کا انتظار کرے اور پھر پانچ سال مزید انتظار کرے کیونکہ اگلی حکومت انشاءاللہ عمران خان کی ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چوری بچانے کے لئے اپوزیشن ایک دوسرے کے کندھوں کا سہارا لے رہی ہے، وہ پہلے بھی ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپ چکے ہیں۔ پی ڈی ایم بار بار ناکامیوں کے باوجود ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم کا ملکی سیاست میں اب کوئی کردار باقی نہیں رہا، وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ ٹولے کی اصلیت عوام کو دکھا دی ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے۔ احتجاج کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں جو کبھی نہیں رکے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved