متحدہ عرب امارات کے سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

19  اپریل‬‮  2022

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات ، یواے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے منگل کے روز ں ملاقات کی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اشتراک کار کو مزید بڑھانے کیلئے یو اے ای کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم نے محض پچاس سال کے عرصہ میں ملک کو تبدیل کرنے کے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، غذائی تحفظ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سمیت اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین ہمیشہ خصوصی تعلقات استوار رہے ہیں جن کی بنیاد مشترکہ تاریخ، عقیدے اور جغرافیائی قربت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین بھی قریبی رابطے استوار ہیں۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پرانے دوستانہ تعلقات ہیں اور اعلیٰ سطحی روابط سے دوطرفہ تعاون کو مہمیز ملتی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved