وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

20  اپریل‬‮  2022

وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور برطانوی حکومت کی جانب سے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے تہنیتی ٹویٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو وسیع پیمانے پر مختلف امور میں تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے بہتر تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو سٹریٹجک سطح پر فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم تقریباً 1.6 ملین سمندرپار پاکستانیوں کے دونوں ملکوں کے مابین ادا کئے جانے والے پل کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے قانونی ہجرت کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس حوالے سے موجود استعداد کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا سکے۔

وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کے فروغ کیلئے برطانیہ کے اقدامات کو بھی سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور وسیع کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved