وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے لوٹ مار کی جو کہ سب کے سامنے ہے، جوکہتے تھے کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی ان کے اربوں روپے کے جعلی اکاؤنٹس اور ٹی ٹیاں نکل آئیں۔
آج گورنر ہاؤس لاہور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کرپشن پر سزا ہوئی وہ بیماریوں کے پیچھے بیرون ملک چھپے بیٹھے ہیں جبکہ سابق حکمرانوں نے اقتدار میں آ کر لوٹ مار کی۔فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خا ن کے وژن کے مطابق نوجوان آج اسمبلی کا حصہ ہیں اور قومی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہمارا جہاد جاری ہے جس پر آپ جیسے نوجوانوں نے پہرا دینا ہے کیونکہ انتخابات میں ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹوں کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ لوگ تبدیلی کے خواہش مند تھے ۔
وزیراعظم کی کامیابی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے
وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ایک نظریے کا نام ہے اور اس سے جڑے نوجوان ہماری پہچا ن ہیں، عمران خان کا ویژن نوجوانوں کو موقع فراہم کرنا ہے جبکہ آئی ایس ایف ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، وزیراعظم کی کامیابی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے ۔فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کیلئے کامیاب جوان پروگرام لے کر آئی، طلبا یونین سے پہلے طلبا سیاست نظریات پر نہیں چلتی تھی جبکہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد نظریے پر رکھی گئی۔