وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر 98 کروڑ کے اخراجات پر ان کا احتساب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے سفر پر 98 کروڑ کے اخراجات اور توشہ خانہ کے 120 تحفوں کا قانون کے مطابق حساب لیا جائے گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ گالیوں اور دھمکیوں کی بجائے عمران خان اپنی چار سالہ کارکردگی عوام کو بتائیں وہ، کبھی کہتے ہیں بیرونی طاقت نے ہٹایا ، کبھی کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ناراض تھی، سب جانتے ہیں کہ عدم اعتماد کا معاملہ ایک سال سے چل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جلسوں پہ جلسہ نہیں کریں گے، ہماری کوشش ہو گی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ڈیلیور کریں۔
یاد رہے کہ نئی حکومت کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق عمران خان کے دور حکومت میں ان کے آنے جانے کیلئے ہیلی کاپٹر پر 98 کروڑ روپے خرچ ہوئے، کیونکہ ہیلی کاپٹر کی ایک گھنٹے کی پرواز 2 لاکھ 75 ہزار روپے کی پڑتی ہے۔