قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، وزیراعظم

21  اپریل‬‮  2022

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم ان کے مقروض ہیں، ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت مقامی آبادی کو سہولت پہنچانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز شمالی وزیرستان کے دورے کے دوران قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔

قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا اور وزیراعظم کا علاقے کے پہلے دورہ پر شکریہ ادا کیا جس سے قبائلی اضلاع کے لئے وزیراعظم کی توجہ اور فکر کا اظہار ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان کی وجہ سے مقامی آبادی کو سہولت پہنچانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی کمیونٹی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہوگی۔

قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ پہلے بھی شمالی وزیرستان آچکے ہیں اور یہاں پر ایک بار پھر آکر انتہائی خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب دہشت گردی عروج پر تھی، جس طریقے سے آپ نے اپنے کندھوں پر اپنے پیاروں ،اپنے بچوں ، بزرگوں ، ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کی لاشیں اٹھائیں یہ بڑی گراں قدر قربانیاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صرف یہی نہیں، جب پاکستان معرضِ وجود میں آیا تو کشمیر میں بھی آپ کے آباؤ اجداد نے، آپ کے بزرگوں نے بہت بڑی جنگ لڑی۔وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ بات دل کی گہرائیوں سے کر رہا ہوں، جو بزرگ و جوان میرے سامنے بیٹھے ہیں، ان کی قربانیاں ہر حوالے سے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved