اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان ڈاکٹر رانا شمیم کے بیانات کا نوٹس لے لیا، اہم سماعت آج ہی کچھ دیر بعد ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ نے رانا شمیم کے الزامات میں ہائیکورٹ کے جج کا نام آنے پر نوٹس لیا ہے، جس پر اہم سماعت تھوڑی دیر بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق خبر شائع کرنے والے صحافی انصار عباسی کو بھی طلب کئے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میری موجودگی میں ہائیکورٹ کے جج کو فون کال پہ کہا تھا کہ نوزشریف اور مریم نواز کی 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ضمانت کی درخواست منظور نہیں کرنی۔ جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ثاقب نثار کافی پریشان تھے لیکن فون پر بات ہونے کے بعد وہ پرسکون ہو گئے تھے۔
جس پر ردعمل میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا ہے کہ رانا شمیم نے جو الزام لگایا وہ بالکل لغو اور بے بنیاد ہے۔ میں نے رانا شمیم کا ایک آرڈر کالعدم قرار دیا جس کا اسے رنج تھا۔ مزید کہا کہ رانا شمیم نے گلہ کیا کہ میں نے اس کی ایکسٹینشن رکوائی ہے جبکہ میرا ایکسٹینشن رکوانے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں کہ ان الزامات پر کیا کیا جا سکتا ہے۔