وزیراعظم کے مشیر احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے میاں نوازشریف کی عنایات کا صلہ لوٹاتے ہوئے آج ان کے حق میں بیان دیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہزاداکبر کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف صاحب نے 2015ء میں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے رانا شمیم صاحب پر کمال عنایات کرتے ہوئے انہیں گلگت بلتستان کا چیف جج لگایا، اور آج رانا شمیم نے ان عنایات کا صلہ لوٹاتے ہوئے مریم نواز کی اپیل سے ٹھیک 3 دن پہلے مفرور مجرم نواز شریف کے حق میں بیان دے دیا۔
ساہیوال کے ایک رانا صاحب کو وزیراعظم نواز شریف نے کمال عنایت کرتے ہوے 2015 میں گلگت کا چیف جج لگایا اور رانا نے عنایت لوٹاتے ہوے آج مفرور مجرم نواز شریف کے حق میں بیان داغ دیا جو بٹیا کی اپیل کی ہائی کورٹ سماعت سے ۳ دن پہلے فرنٹ پیج پہ چھپوا دیا-
واہ ری سیاست 🤔— Mirza Shahzad Akbar (@ShazadAkbar) November 15, 2021
یاد رہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میری موجودگی میں ہائیکورٹ کے جج کو فون کال پہ کہا تھا کہ نوزشریف اور مریم نواز کی 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ضمانت کی درخواست منظور نہیں کرنی۔
جس پر ردعمل میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا ہے کہ رانا شمیم نے جو الزام لگایا وہ بالکل لغو اور بے بنیاد ہے۔ میں نے رانا شمیم کا ایک آرڈر کالعدم قرار دیا جس کا اسے رنج تھا۔ رانا شمیم نے گلہ کیا کہ میں نے اس کی ایکسٹینشن رکوائی ہے جبکہ میرا ایکسٹینشن رکوانے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں کہ ان الزامات پر کیا کیا جا سکتا ہے۔