وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے، صوبےمیں پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا، تمام صوبوں میں ترقی کی رفتار یکساں ہونی چاہئے۔
کوئٹہ – (اے پی پی): ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزراء احسن اقبال، مولانا اسعد محمود، مولانا واسع، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، اسرار ترین، قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی، وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،صوبائی وزراء و ارکان صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق حکومت بننے کے دوہفتوں کے دوران ہی آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں، اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے حساب قدرتی وسائل ہے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کی عوام کا ہے، جب پنجاب میں ہماری حکومت تھی تو ہم نے این ایف سی میں بلوچستان کیلئے 11 ارب پنجاب کے حصے میں سے دیا۔
While talking to the members of Parliament belonging to Balochistan, Prime Minister Shehbaz Sharif has said that the people of Balochistan have prior rights on the resources of the province. Punjab had given Rs. 11 billion to Balochistan out of its share in NFC. pic.twitter.com/l13KWVq8R8
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) April 23, 2022
انہوں نے کہا کہ ایک ملک ایک کنبے کی طرح ہوتا ہے، تمام صوبوں میں ترقی کی رفتار یکساں ہونی چاہئے، تاریخ گواہ ہے، بلوچستان کے لوگوں کی ملک کیلئے عظیم قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ ملک محنت کرنے کیلئے دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے مجھے آپ سب کا تعاون بھی درکار ہے، ہم سب کو مل کر بلوچستان کی ترقی یقینی بنانی ہے۔