وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ 17 نومبر کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اتحادی جماعتوں کے ارکان کی ملاقات میں ان کے تحفظات دور کئے گئے، تمام اتحادیوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو دن 12 بجےبلایا جائے گا، جس میں انتخابی اصلاحات سمیت دیگر 8 اہم بلز پیش کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں جی ڈی اے، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کی قیادت موجود تھی۔ اتحادیوں کے اعتراضات تفصیل سے سنے اور انہیں دور کیا گیا۔ تمام اتحادیوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔