قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کر دیا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، عمران خان پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، وزیر اطلاعات

23  اپریل‬‮  2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اتحادیوں کے چھوڑ کر جانے کے بعد عمران خان کو سازش نظر آنا لگی ہے، عمران خان کی فلاسفی ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ وہ سچ لگنا لگے، عمران خان عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں، انہوں نے چار سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت تباہ کی، الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کا فیصلہ آنے والا ہے تو عمران خان الیکشن کمیشن سے استعفے کا بے بنیاد مطالبہ کر رہے ہیں۔

ہفتے کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے عوام کو چار سال تک لوٹا، معیشت تباہ کی، جھوٹ بولا، عوام سے روٹی چھینی، روزگار چھینا اور پھر کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سازش ہوئی تھی تو ان کے سپیکر نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کی اجازت کیوں دی؟ جب تک عمران خان کو پتہ تھا کہ اتحادی ان کے ساتھ ہیں، اس وقت تک کوئی امریکی سازش نہیں تھی، عمران خان کو جب پتہ چلا کہ اتحادی اور ان کے اپنے لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں تو انہوں نے جھوٹ بولنا شروع کر دیا کہ ان کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو ایمبیسیڈرز کی میٹنگ ہوتی ہے، 8 مارچ کو ٹیلی گرام آتا ہے اور اس کے بعد انہیں 27 مارچ کو یاد آتا ہے کہ ہمیں دھمکی دی جا رہی ہے اور پاکستان کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 8 مارچ سے 27 مارچ تک کسی کو سائفر کے بارے میں نہیں بتایا، اس سائفر میں ایمبیسیڈر نے یہ بات لکھی ہے کہ ڈی مارش کرنا چاہئے، عمران خان نے وہ بھی نہیں کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایم کیو ایم اور اتحادی جب انہیں چھوڑ کر چلے گئے تو اس وقت انہیں یاد آیا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد جلسے میں کاغذ لہرایا جائے۔ 8 مارچ سے 27 مارچ تک جو شخص آپ کو دھمکی دے رہا تھا اسے 16 مارچ کو عمران خان نے ایک تقریب میں وومن ڈے پر اہم مقرر کے طور پر مدعو کیا۔ جب ایک شخص آپ کے خلاف سازش کر رہا ہے تو پھر اسے کیوں بلایا گیا؟ انہوں نے بتایا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں جس ایمبیسیڈر نے یہ سائفر لکھا، نے یہ بات کہی کہ اس میں کسی قسم کی سازش کا شائبہ نہیں۔

کیا عمران خان کا مودی کے متعلق بیان مداخلت تھا؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جب اقتدار میں آئے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ مودی الیکشن جیت جائے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا، تو کیا آپ کا یہ بیان ہندوستان کے انتخابات میں مداخلت تھا؟ کیا آپ مودی کی حکومت کو بچانے کے لئے ان کے کمپئین منیجر بنے ہوئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد کشمیر فروشی کی اور کشمیر ان کے حوالے کیا، اس کا مطلب ہے کہ اس مداخلت اور سازش میں عمران خان ملے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج الیکشن کمشنرسے استعفیٰ اس لئے مانگ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے 30 دن میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کو آٹھ سال گذر گئے، انہوں نے غیر ملکیوں سے جو پیسے لئے ڈیکلیئر نہیں کئے، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں اکائونٹس کو ڈیکلیئر نہیں کیا، نیشنل ڈیزاسٹر پر پاکستانیوں سے پیسے وصول کئے جو ڈیکلیئر نہیں کئے، اسی طرح شوکت خانم ہسپتال کے لئے فنڈ موصول ہوئے جو انہوں نے پارٹی کے لئے استعمال کئے۔

عمران خان کو جب اتحادی چھوڑ گئے تب امریکی سازش کیوں یاد آئی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی آج الیکشن چاہتی ہے، یہ بیرونی سازش اور الیکشن آپ کو آج کیوں یاد آ رہا ہے، جب آپ حکومت میں تھے، اس وقت کیوں نہیں الیکشن کا کہا کیونکہ اس وقت ان کا خیال تھا کہ ق لیگ اور دیگر اتحادی انہیں چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تماشے، غنڈہ گردی، دھمکیاں اور جھوٹ بند ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی نواز شریف کے اس بیانیہ کی جیت ہے کہ ووٹ کے ذریعے پاکستان کے منتخب نمائندے کو آنا اور جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیت المال کو بھی نہیں چھوڑا، اس پر بھی ڈاکہ ڈالا، 20 فیصد پر انگوٹھی، کفلنک اور گھڑی خرید کر باہر مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی قسمت میں دھرنا ہے، اگر انہوں نے عوام کو ترقی دینے کی نیت کی ہوتی تو یہ دھرنے کی کال نہ دینا پڑتی۔ پاکستان کے عوام انہیں نالائقی اور جھوٹوں کی وجہ سے مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پر لیکچر عمران نیازی جیسے شخص کو زیب نہیں دیتا، یہ اگر دوسروں کے بارے میں غلاظت بولیں گے تو تو گند اور کیچر ان کے منہ میں بھی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر اور آئی ایم ایف نہیں جائوں گا، جیسے جھوٹ بولے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال میں دو کروڑ لوگ غربت کا شکار ہوئے، ساڑھے پانچ سو ارب روپے کی چینی چوری ہوئی، ساڑھے چھ سو ارب روپے کی ادویات چوری ہوئیں، عمران خان نے ادویات اور کووڈ فنڈ پر بھی ڈاکا ڈالہ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اعلامیہ کے بعد عمران خان کا سازش کا بیانیہ ختم ہو چکا ہے۔ عمران خان سے سوال پوچھا جائے گا کہ آٹے اور چینی کی سمری پر انہوں نے دستخط کئے تھے جس کی وجہ سے غریب مائیں بہنیں ایک کلو چینی کیلئے لائنوں میں کھڑی ہوتی ہیں اور انگوٹھے کا نشان اور شناختی کارڈ کی کاپی فراہم کرنے کے بعد چینی حاصل کرتی ہیں۔

پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ کا جواب دینا ہوگا

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ کا جواب بھی دینا ہوگا، یہ الزامات الیکشن کمیشن میں جمع ہونے والی اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں واچ لسٹ، سٹاپ لسٹ اور ای سی ایل کو بدبودار احتساب کے لئے استعمال کیا جاتا تھا، ایک اسٹاپ لسٹ وزیراعظم ہائوس اور ایک واچ لسٹ ایسٹ ریکوری یونٹ شہزاد اکبر کی سربراہی میں اور ایک ای سی ایل کی پارلیمنٹری کمیٹی میں بنی۔ انہوں نے کہا کہ ای سی ایل پر ان تمام لوگوں کے نام آئیں گے جو پنجاب میں تعیناتیاں اور تقرریاں بھی پیسوں سے بانٹتے رہے، پنجاب میں کمیشن کھانے والوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتہ ہے کہ پاکستان کے عوام نے انہیں ووٹ نہیں دینا، اگر انہیں یہ بات پتہ نہ ہوتی تو یہ سازش کا بیانیہ نہ بناتے بلکہ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے تمام بیانیئے ناکام ہوگئے ہیں، کرپشن کا بیانیہ بھی عدالتوں میں ناکام ہو چکا ہے، عمران خان نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے بعد بھی جھوٹ بولا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے قانون سازی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی پریس ریلیز دے چکی ہے کہ سازش نہیں ہوئی، یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کوئی ثبوت یا شواہد نہیں کہ اس بات کا تاثر ملے کہ سازش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تماشے لگانے اور جھوٹ بولنے میں مہارت رکھتے ہیں، پاکستان کے عوام اب ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی سیکورٹی کے لئے احکامات جاری کر دئیے ہیں، جہاں جہاں بھی ان کے جلسے ہوں گے عمران خان کو سیکورٹی دی جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved