فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

16  ‬‮نومبر‬‮  2021

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے آج الیکشن کمیشن کی سماعت میں کہا کہ میرے بہت سے بیانات میرے نہیں ہوتے، میں کابینہ کا ماؤتھ پیس ہوں، میری معذرت قبول کریں۔

آج الیکشن کمیشن کے 2 رکنی بینچ نے وفاقی وزراء کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے کیس کی سماعت کی، جس میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری پیش ہوئے۔

دوران سماعت وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری  نے کہا  کہ میرے بہت سارے بیانات صرف میرے نہیں ہوتے، میں کابینہ کا ماؤتھ پیس ہوں، یہ میری نوکری بھی ہے۔ جس پر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ پہلی بار ایسی نوکری دیکھی ہے جس میں گالی دینا بھی  شامل ہے، اس پرفواد چوہدری نے کہا کہ میں نے کسی کو گالی نہیں دی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں، شو کاز نوٹس کے چکر میں پڑنا نہیں چاہتا، اس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل تو عدالت سے لڑائی نہیں کرتے، لڑائی عدالت کے اندر ہوتی ہے،باہر تو لڑائی نہیں ہوتی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں کیس ختم کرنا چاہتا ہوں، میری معذرت قبول کریں۔وفاقی وزیر اطلاعات کی معذرت الیکشن کمیشن نے کہا کہ جوآپ کہہ رہے ہیں وہ تحریری طور پرجمع کرادیں۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کی غیر حاضری پر ان کے وکیل نے کہا  کہ اعظم سواتی سینیٹ اجلاس کے باعث  آج پیش نہیں ہوسکے، جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ سینیٹ کا بہانہ بنا کرسماعت پر پیش نہیں ہوتے ۔

 الیکشن کمیشن نے  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے تحریری معافی نامہ اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کے وکیل سے جواب طلب کرتےہوئے سماعت 3دسمبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 10 ستمبر 2021ء کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہ استعمال کرنے کیلئے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، ایسے ادارے کو آگ لگا دینی چاہیے۔

اسی شام وفاقی وزراء نے پریس کانفرنس کی،جس میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنراپوزیشن کے ماؤتھ پیس بنے ہوئے ہیں، ان کے نوازشریف سے مراسم بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ایسے لگ رہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈکوارٹر بنا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کا اتنا ہی شوق ہے تو اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر الیکشن لڑ لیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved