فیصل واوڈا کا بیان چلانے کیلئےجسٹس رانا شمیم کے بیٹے کی کمرہ عدالت میں لیپ ٹاپ لیکر جانے کی کوشش، عملے نے روک لیا

16  ‬‮نومبر‬‮  2021

گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار پر الزامات پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ازخود نوٹس کی آج سماعت ہوئی۔

سماعت میں جسٹس رانا شمیم کے بیٹے اور ان کے وکیل احمد حسن رانا ایڈووکیٹ پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ والد صاحب رات کو بیرون ملک سے واپس آئے ہیں، ان کی طبیعت بہت ناساز ہے، وہ اس لئے آج پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے جسٹس رانا شمیم سمیت تمام فریقین سے 7 روز میں جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 روز تک ملتوی کر دی اور فریقین کو 26 نومبر کی سماعت میں ذاتی طور پر پیش ہونے کے احکامات جاری کر دئیے۔

سماعت کا آغاز ہونے سے قبل جسٹس رانا شمیم کے بیٹے اور ان کے وکیل احمد حسن رانا ایڈووکیٹ نے لیپ ٹاپ عدالت میں لیکر جانے کوشش کی، جس پر انہیں عدالتی عملے نے روک لیا، عملے کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ عدالت میں حکومتی سینیٹر فیصل  واوڈا کا بیان چلانا چاہتا ہوں، عملے نے کہا کہ آپ پہلے عدالت سے اجازت طلب کرلیں، پھر آپ کو لیپ ٹاپ کمرہ عدالت میں لیکر جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ نے کہا کہ فیصل واوڈا نے کل الزام لگایا تھا کہ مجھے ن لیگ کے دور حکومت میں نوازا گیا، اور ایڈووکیٹ جنرل بنایا گیا تھا، حالانکہ میں کبھی بھی ایڈووکیٹ جنرل نہیں رہا، البتہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہا ہوں، لیکن میں نے 6 ماہ کے عرصے کے دوران کیسز میں کیا کیا ہے، اس کا ریکارڈ چیک کر لیں، آپ کو پتا لگ جائے گا کہ میں میرٹ پر آیا تھا یا پرچی پر لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ واوڈا صاحب کو کچھ بھی پتا نہیں ہوتا اور وہ اور فول بکتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو فیصل واوڈا کی الزام تراشی پر الگ سے درخواست دوں گا۔

اپنے والد کے کیس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ازخود نوٹس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ 2 ججز کے مابین معاملہ ہے اور اسے سپریم جوڈیشل کونسل جانا چاہیے، البتہ والد صاحب 26 نومبر کی سماعت میں پیش ہوں گے۔

 

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے 15 نومبر 2021ء کو نجی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےکہا تھا کہ گلگت بلتستان کےسابق چیف جج ڈاکٹر رانا شمیم نے ن لیگ سے پیسے پکڑ کر نوازشریف اور مریم نواز کے کیسز کے متعلق حلفی بیان دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسے ججز کو جن کا ضمیر دیر سے جاگتا ہے انہیں جوتے مارنے چاہئیں، انہوں نے قوم کو بیوقوف سمجھا ہوا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved