جسٹس رانا شمیم نوازشریف کے خرچے پر لندن رہ رہے ہیں، فواد چوہدری

16  ‬‮نومبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس رانا شمیم نوازشریف کے خرچے پر لندن رہ رہے ہیں اور انہوں نے اپنے حلف نامے کی فیس بھی نوازشریف سے وصول کی ہے، حسین نواز اس معاملے کو ڈیل کر رہے ہیں

آج الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، کل پھر انہوں نے عدالتوں پر حملہ کرکے ان کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف یا مریم نواز کی پیشی سے پہلے ایسی سازشیں ہمیشہ گھڑی جاتی رہی ہیں، ماضی میں بھی نواز شریف کو جب سپریم کورٹ طلب کیا گیا تو ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا تھا، اب بھی  ایک ایسے شخص کی طرف سے جعلی بیان سامنے لایا گیا جو ن لیگ کے لیڈروں کا پروردہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب افراد کو اداروں کے خلاف استعمال کر کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تو بحران پیدا ہوگا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس معاملہ کا نوٹس لیا ہے جو مناسب اقدام ہے، توہین عدالت پر ذمہ داران کو آج طلب کیا گیا ہے، اس معاملہ پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

اپوزیشن حکومتی اصلاحات پر اپنی ترامیم پیش کرے، بات کرنے کو تیار ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات نے حکومتی اصلاحات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی اور عمران خان کا ذاتی نہیں بلکہ قومی ایجنڈا ہے، ہر الیکشن میں ہم اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہیں، جب اصلاحات کی طرف جاتے ہیں تو اپوزیشن شور مچانا شروع کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کل کے اجلاس میں ہمارے ساتھ بیٹھے، ان اصلاحات پر کھلے دل سے غور کرے، اپوزیشن کو جو ترامیم چاہئیں وہ لے آئے، اس پر بحث کرلیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات لازمی ہیں، کل ہم یہ بل پاس کروا رہے ہیں، تمام اتحادیوں نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم کھلے دل کے ساتھ آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات، عدلیہ، میڈیا اور سیاسی نظام میں اصلاحات لازمی ہونی چاہئیں، ہم ان پر مل جل کر آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved