وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الفور اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عوام کواپنی گاڑیوں کے پٹرول ٹینک بھروانے کی ضرورت نہیں، پٹرول کی قیمتوں میں فی الفور کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یک مئی کو پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوتا بھی ہے تو اس کے بہت سے مراحل ہیں، ایک ہی بار میں بڑا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک کے متعلق سابق دور حکومت میں کی گئی قانون سازی کے متعلق کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کا بل ریورس کرنےکا کوئی ارادہ نہیں ہے، آئندہ برس تک آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل ہوجائے پھر اس کے متعلق سوچیں گے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واشنگٹن میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف نے پٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کو کہا ہے، جسے ہم ختم کر دیں گے۔