امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی ہر آئے روز شدت اختیار کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی ہر آئے روز شدت اختیار کر رہی ہے۔ سب سے بڑا صوبہ پنجاب وزیراعلیٰ کے بغیر چل رہا ہے۔ سیاست دانوں اور ان کے سپورٹرزکے درمیان نفرتیں اور لڑائیاں بڑھ رہی ہیں۔ مسائل کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواران کے ساتھ نشست کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر صوبہ پنجاب وسطی ڈاکٹر طارق سلیم، جنرل سیکریٹری پنجا ب وسطی اقبال خان، صدر این ایل ایف شمس الرحمن سواتی، امیر ضلع راولپنڈی عارف شیرازی بھی موجود تھے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں دھونس، دھاندلی اور دولت کی ریل پیل کے کلچر کو ختم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے لیے آپس میں مذاکرات کریں اور متناسب نمائندگی کے اصول پر راضی ہو جائیں۔ دنیا کی کئی جمہوریتوں میں متناسب نمائندگی کا سسٹم رائج ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند خاندان ملک کے وسائل پر قابض ہیں۔ تینوں بڑی جماعتوں نے اقتدارکے مزے لیے، مگر عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی نے مفادات کی جنگ سے دور رہ کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔