پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے چیف الیکشن کمیشن کے استعفے کے مطالبے پر مسلم لیگ ن کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو بے وقوف نہ بنایا جائے، بیرون ملک سازش کا بہانہ اور الیکشن کمیشن پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نااہل اور ناکام شخص نے چار سال سے اقتدار میں رہ کر ملک کو معاشی تباہی کا شکار کیا، بے روزگاری، کشمیر فروشی اور لوڈ شیڈنگ کے تحفے عوام کو دئیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں اپوزیشن کو سوال کرنے پر بند کر دیا جاتا تھا، پارلیمان کو سوال کرنے پر تالہ لگا دیا جاتا، میڈیا سوال کرتا تو اس پر پابندیاں عائد کر دی جاتیں۔ ان کی آئین شکنی پر جب عدلیہ نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو مسترد کیا تو یہ آئین اور پارلیمان پر حملہ آور ہوئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹھ سال سے زیر التواء فارن فنڈنگ کیس پر انہوں نے جواب دینا ہے، آٹھ سال سے انہوں نے غیر قانونی فنڈنگ کا جواب نہیں دیا، 70 لاکھ ڈالر سے زائد کی غیر قانونی فنڈنگ ہوئی، 16 سے زائد اکاؤنٹس انہوں نے ڈیکلیئر نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آٹھ سال بعد الیکشن کمیشن چلے گئے ہیں تو وہاں جا کر جواب دیں کہ 70 لاکھ ڈالر پاکستان میں منی لانڈرنگ کے ذریعے آیا تو وہ کہاں گیا، الیکشن کمیشن اگر سوال کرتا ہے تو یہ اس پر حملہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید تھی آٹھ سال کے بعد عمران خان فارن فنڈنگ کا جواب چیف الیکشن کمشنر کو دے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ستر لاکھ ڈالر اپنے ذاتی ملازمین کے اکاؤنٹس میں منگوائے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ میں اوورسیز پاکستانیوں اور شوکت خانم ہسپتال کے عطیات پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ میں منتقل ہوئے، یہ پیسہ کہاں گیا؟ انہوں نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ آج الیکشن کمیشن جو سوال پوچھ رہا ہے یہ اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ الیکشن کروائے جائیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے روز روز کی رٹ لگا رکھی ہے کہ الیکشن کمیشن استعفیٰ دے، الیکشن کمشنر کیوں استعفیٰ دیں؟ کیونکہ وہ آپ سے آپ کی چوری کا سوال کر رہے ہیں؟ اب جواب دینے کا وقت ہے، عمران خان اب کٹہرے میں ہیں، ہم کہتے تھے کہ عوام کے ہاتھ ہوں گے اور آپ کے گریبان ہوں گے، اب آپ کا سوال کرنے کا وقت نہیں جواب دینے کا وقت ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہیں، اور ہمیں اس پر اعتبار نہیں رہا، چیف الیکشن کمیشن نے سارے فیصلے ہمارے خلاف کئے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں۔