وزیراعظم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن حیرت ہے کہ اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کیا مسئلہ ہے اور وہ اس سے کیوں ڈری ہوئی ہے، اب تو ٹیکنالوجی یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ کوئی وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزیر جھوٹ نہیں بول سکتا کیونکہ تمام تر اعداد و شمار اور معلومات انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ حکومت کی کارکردگی سے انہیں خطرہ ہے کہ ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی۔
اسلام آباد – (اے پی پی): آج للہ۔جہلم دو رویہ شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے، عوام کی مشکلات کا علم ہے، اعتماد رکھیں مشکلات سے نکالیں گے، عام آدمی کیلئے بڑا پیکیج لا رہے ہیں، اپنے آپ کو شیر شاہ سوری کہلوانے والوں کے دور میں بنائی جانے والی سڑکوں سے ہم سستی سڑکیں بنا رہے ہیں۔
اگلی نسل کا سوچا، اگلے انتخابات کا نہیں
وزیراعظم عمران خان کا ملک کی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب حکومت برسر اقتدار آئی تو کتنا بڑا خسارہ اور قرضے اور قرضوں پر کتنی قسطیں ادا کرنا تھیں، سب سے بڑا خسارہ ہمیں ملا لیکن ہم نے ملک کو سنبھالا دیا، ہماری پوری کوشش ہے کہ ملک میں طویل مدتی ترقی لانی ہے، وہ ملک ترقی کرتے ہیں جو آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں، آنے والے انتخابات کا سوچنے والا ملک ترقی نہیں کرتا، چین کی ترقی کا راز طویل مدتی منصوبہ بندی ہے اور چین کی قیادت نے اپنے لوگوں کو غربت سے نکالنے اور ترقیاتی منصوبوں کا سوچا، انتخابی فائدے کیلئے میٹرو پر اربوں روپے لگانے سے قوم ترقی نہیں کرتی، ہماری حکومت نے آنے والی نسلوں کا سوچا ہے، اگلے انتخابات کا نہیں۔
“وہی ممالک ترقی کرتے ہیں جو اگلے الیکشن کی بجائے آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں ،”
وزیر اعظم عمران خان، للہ تا جہلم دو رویہ سڑک کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب pic.twitter.com/fr85KXaRe9
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) November 16, 2021
آئندہ 10 برس میں 10 ڈیم بنیں گے
وزیراعظم نے کہا کہ آبادی بڑھ رہی ہے، ملک کو پانی کی ضرورت ہے کیونکہ ہمیں پانی کی آئندہ کمی کا سامنا ہے، اناج کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے، بڑھتی آبادی کے پیش نظر ہمیں زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہو گا، 50 سال بعد پہلی بار تین بڑے ڈیم بنائے جا رہے ہیں، اگلے 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے، ان کی پہلے منصوبہ بندی تو کی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا، پانی ذخیرہ کرنے کا پہلے سوچا نہیں گیا۔
10 ارب درخت لگائیں گے
وزیراعظم عمران کان کا کہنا تھا کہ جب 2013ء میں درخت لگانے کا سوچا تو ہمارا مذاق اڑایا گیا کیونکہ پہلے کسی نے درخت لگانے کی طرف توجہ ہی نہیں دی اور جنگلات کاٹ دئیے گئے، چھانگا مانگا، چونیاں، کندیاں اور چیچہ وطنی میں بڑے بڑے جنگل تھے لیکن جنگلات کا بھی خاتمہ کر دیا گیا، کسی نے نیشنل پارکس ہی نہیں بنائے، لاہور باغوں کا شہر کہلاتا تھا لیکن پچھلے 20 سال میں وہاں درختوں کی کٹائی کی وجہ سے آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، موجودہ حکومت کے دور میں اب تک اڑھائی ارب درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ 10 ارب کا ہدف ہے، سابق حکومتوں کے دور میں اپنی تعریف کیلئے اشتہاروں اور میڈیا پر اربوں روپے خرچ کر دئیے جاتے تھے لیکن دنیا نے اس کی تعریف نہیں کی،اب برطانیہ کا وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی مثال دے رہا ہے کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے کتنا زبردست کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی صورت میں دنیا میں سو سال کے بعد بڑا بحران آیا ہے، دنیا کے ممتاز جریدے اکانومسٹ نے کورونا کے خلاف ہماری کامیاب حکمت عملی کو بھرپور طریقے سے سراہا ہے کہ کس طریقے سے ہم نے اپنے لوگوں کو بھی کورونا سے محفوظ رکھا ہے، ہسپتالوں میں بھی اتنی تباہی نہیں ہوئی جس طرح ہمارے ہمسایہ ممالک میں ہوئی اور پاکستان نے اپنی معیشت بھی بچائی۔
پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مخالفین غربت میں اضافہ کی بات کرتے ہیں لیکن اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے لیکن عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق ہمارے دور میں ملک میں غربت کی شرح میں کمی آئی ہے، مشکل وقت ہے لیکن عوام کو مکمل اعتماد ہونا چاہیے کہ جس طرح کورونا سے حکومت نے اپنے عوام کو بچایا ہے،جس طرح مشکل حالات میں مشکل فیصلے کئے ہیں، جس طرح این سی او سی جیسا ادارہ بنایا ہے اور سارے ملک کو اکٹھا کرکے فیصلے کئے ہیں انشاء اﷲ اس سے بھی نکلیں گے۔
“مہنگائی اس وقت بین الاقوامی مسئلہ ہے،”
وزیر اعظم عمران خان، للہ تا جہلم دو رویہ سڑک کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب pic.twitter.com/N4cGM5dkEi
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) November 16, 2021
تیل کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، عام آدمی کیلئے بڑا پیکیج لا رہے ہیں
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سیلاب باہر سے آ رہا ہے، تین ماہ میں تیل کی قیمتیں دوگنی ہو گئی ہیں اور مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، درآمدی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، کورونا میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات پیدا ہوئیں اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، لوگوں کی مشکلات کا علم ہے، انہیں مشکلات سے نکالیں گے، عام آدمی کی مشکل آسان کرنے کیلئے بڑا پیکیج لا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جہلم میں سیاحت کے حوالہ سے بہت ہی خوبصورت علاقے ہیں اور یہاں پر قدیم تاریخی مقامات اور معدنیات ہیں، سڑک کی تعمیر سے یہاں لوگوں کو فائدہ ہو گا اور صنعتیں فروغ پائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لندن میں بیٹھ کر ملک کے حالات پر دکھ کا اظہار کرنے والے اور اپنے آپ کو شیر شاہ سوری کہلانے والوں نے جو کچھ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، مسلم لیگ (ن) کے تین سال میں 645 کلومیر کے مقابلہ میں ہمارے تین سال میں 1750 کلومیٹر طویل سڑکیں بنائی گئی ہیں۔
“مہنگائی کے باوجود سابقہ حکومت کی نسبت سستی سڑکیں بنا رہے ہیں،”
وزیر اعظم عمران خان، للہ تا جہلم دو رویہ سڑک کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب pic.twitter.com/DhfXGTMKwu
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) November 16, 2021