اسلام آباد – (اے پی پی): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم وجود میں آئی تو احتجاجی مظاہروں کا آغاز کیا، اتنا وقت گذرنے کے بعد آج پھر احتجاجی مظاہروں کی کال دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ڈی ایم آج بھی وہیں کھڑی ہے۔ ماضی میں انہی کرپٹ لوگوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا،کرپشن،منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس بنائے گی جس کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے، عالمی سطح پر بڑھتی ہو ئی مہنگائی کے کم سے کم اثرات پاکستان کے عوام کو منتقل کرنے کے لئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔
مولانا بلاول کی منتیں بھی کرتے ہیں اور سندھ حکومت کے خلاف مظاہرے بھی، یہ منافقت ہے
مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج 22کروڑ عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں سے پناہ مانگ رہی ہے، 2018ء کے الیکشن میں عوام نے تمام کرپٹ حکمرانوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کر کے گھر بھیجا۔ مولانا فضل الرحمان ایک طرف بلاول کی منتیں کرتے ہیں دوسری طرف سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کرتے ہیں، یہ سیاست ہے یا منافقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرپٹ سیاستدانوں اور انکی اولاد سے ہمیشہ کے لئے چھٹکاراہ حاصل کرنے کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں،فضل الرحمان جھوٹ بولتے ہیں جو اداروں کا احترام کرتے ہیں وہ کبھی ان پر حملہ آور نہیں ہوتے، الیکشن کمیشن کا گھیراؤ کرنے والے یہ ہی صاحب تھے۔
حکومت ہر صورت انتخابی اصلاحات کرے گی
وزیر مملکت کا حکومت کی انتخابی اصلاحات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آج جودھاندلی روکنے کی بات کررہے ہیں وہ ہمیشہ سے دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں، یہ راستہ وہ کسی صورت بند نہیں ہونے دے رہے، حکومت انتخابی اصلاحات، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کوووٹ کا حق دلوانے کے لئے قانون سازی ہر صورت میں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء کے الیکشن میں بھی پاکستان تحریک انصاف ہی ہر طرف نظر آئے گی، اسی گھبراہٹ کی وجہ سے یہ لوگ ہر روز نئی سازش رچاتے ہیں، فضل الرحمان بتائیں کیا انکا بیٹا بھی ووٹ چوری کے ذریعے ہی اسمبلی میں آیا ہے۔