حکومت نے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اورگورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئین شکنی کے جرم میں سابق حکومت کی اہم شخصیات کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلئے وزرات قانون وانصاف اور وزرات داخلہ نے ریفرنس کی تیاری شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا موقف ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے عمل میں واضح طور پر آئین شکنی کی گئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایماء پر آئین شکنی کی، دستور کوسبوتاژ کیا، پنجاب اسمبلی میں بھی آئینی عمل کو سبوتاژ کیا گیا اور گورنر نے آئین شکنی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں عدالتی احکامات اور عدالتی فیصلے بھی طلب کر لئے گئے ہیں جنہیں شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔