وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عیدالفطر تک لوڈ شیڈنگ میں کمی کر دی جائے گی۔
نجی چینل کیساتھ گفتگو میں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عید الفطر تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ویژنری قیادت میں حکومت تمام قومی مسائل پر جلد از جلد قابو پانے کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔
وزیر توانائی نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا کیونکہ ملک میں درکار ایندھن پہنچ چکا ہے، اور اسے جلد پیداواری پلانٹس میں تقسیم کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت حقیقی معنوں میں ملک میں لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار تھی کیونکہ پیداواری پلانٹس کو ایل این جی اور فرنس آئل فراہم نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی بھی ہے کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے چینی، گندم، گیس، آٹا اور فرٹیلائزر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔