وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے قومی اسمبلی میں اجلاس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے مشیر پارلیمانی امور کو انتخابی اصلاحات کا بل پیش کرنے کو کہا، جس پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو تقریر کا موقع دینے پر اصرار کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں بل پیش کرنے کا بعد موقع دیتا ہوں، جس پر اپوزیشن اراکین اسمبلی نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادرمندوخیل نے اسپیکر قومی اسمبلی سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے قادرمندوخیل کی بدتمیزی پر انہیں اجلاس سے نکلنے کا حکم دیا اور سارجنٹ کو طلب کرلیا۔
اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو تقریر کرنے کا موقع دیتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کے چیئرمین ہیں، اپنے رکن اسمبلی کے نامناسب رویے کا نوٹس لیں۔