پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے یکطرفہ طور پر انتخابی اصلاحات کیں، ای وی ایم کے استعمال کومسلط کیا تو آج سے ہی کہتے ہیں کہ الیکشن 2023ء کے نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔
آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم بھی سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں آپ کے مجوزہ طریقہ کار سے اختلا ف ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کے الگ حلقے ہونے چاہئیں۔ پارلیمنٹ میں منتخب ہوکر آنے والے سمندر پار پاکستانی یہاں اپنے مسائل پر بات کریں، انہیں یہاں کے علاقائی مسائل سے اتنی آگاہی نہیں ہو سکتی جتنی یہاں کے مقامی افراد کو ہو گی۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کا بل مشترکہ ایوان سے زبردستی پاس کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت نے جیسے یکطرفہ انتخابی اصلاحات کی کوشش کی یہ ملک کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، حکومت ایوان سے یہ انتخابی اصلاحات کا بل زبردستی منظور کرانا چاہتے ہیں، ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو نہیں مانتے،حکومت الیکشن کمیشن کا اختیار نادرا کو دینا چاہتی ہے ، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں،جو الیکشن کمیشن کے تحفظات ہیں، وہی ہمارے تحفظات ہیں، آپ مہنگائی کنٹرول کریں ، آپ گیس اور پٹرول کی قیمت کم کریں ہم آپ کا ساتھ دیں گے مگر کلبھوشن یادیو کو ریلیف دینے پر آپ کا ساتھ نہیں دیں گے۔ آپ پاکستان کی پارلیمان کی توہین کر رہے ہیں،آپ اسٹیٹ بینک پاکستان کو آئی ایم ایف کے ماتحت دینا چاہتے ہیں، نئی قانون سازی کے تحت اسٹیٹ بینک عوام کی منتخب پارلیمان کو جوابدہ نہیں ہوگا اور نہ ہی سپریم کورٹ اس سے پوچھ سکے گا۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے،ہم حکومت کی قانون سازی کو چیلنج کریں گے اورانہیں عدالت میں شکست دیں گے۔