پاکستان کی سرینگر کی جامع مسجد میں شب قدر اور جمعۃ الوداع کے اجتماعات پر پابندی کی مذمت

29  اپریل‬‮  2022

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کی جامع مسجد میں شب قدر اور جمعۃ الوداع کے اجتماعات پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قابض افواج نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم میں تیزی لائی ہے، بھارتی قابض فوج نے سرینگر کی جامع مسجد میں شب قدر اور جمعۃ الوداع کے اجتماعات پر پابندی لگائی جس کی پاکستان سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن اور رحمت کے مقدس مہینے میں کشمیری مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے یہ ظالمانہ اقدامات کی ایک نئی کڑی ہے جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں قرآن پاک کی بے حرمتی، مساجد اور درگاہوں کو نذر آتش کرنے کے مذموم واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہی ہے اور اس نے مذہبی آزادیوں پر قدغن لگا رکھی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ علاقہ میں بھارت کے ہاتھوں کشمیری مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر پابندیاں لگانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved