اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت

29  اپریل‬‮  2022

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےجامعہ کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے بزدلانہ اور گھناؤنےحملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ – (اے پی پی): پندرہ رکنی سلامتی کونسل کی صدر برطانوی سفیرباربرا ووڈ ورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اراکین نے متاثرہ خاندانوں اور پاکستان اور چین کی حکومتوں سے تعزیت،ہمدردی اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ سلامتی کونسل کے اراکین نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ دہشت گردی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنےاور سرپرستی کرنے والوں کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق پاکستان اور چین کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعاون کریں ۔ سلامتی کونسل کے اراکین نے زور دیا کہ دہشت گردی کی کسی بھی قسم کی کارروائیاں مجرمانہ اور بلا جواز ہیں۔

بیان میں تمام ریاستوں پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ریاستوں کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین ،بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون، بین الاقوامی پناہ گزین قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت بھرپور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس جو اس وقت یوکرین میں ہیں نے ایک بیان میں جامعہ کراچی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved