ٹیلی فون پر فیصلے لکھوانے والے آج نظام انصاف پہ کیچڑ اچھال رہے ہیں، شہباز گل

17  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ ٹیلی فون پر فیصلے کرانے والے آج نظام انصاف پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں،انصاف اور احتساب کو جیب میں سمجھنے والے آج عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں۔

اسلام آباد –(اے پی پی): وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے نواز شریف کی بیٹی ہونے کے علاوہ آپ کے کریڈٹ پرسوائے جھوٹ کےاورکچھ نہیں،آپ کا سچ کیلبری فونٹ، قطری خط اور عدلیہ سے سرٹیفائیڈ جعلساز و مفرور ڈیکلیئر ہونا ہے، لوٹ مار سے بنائی گئی جائیدادوں کو بچانے کیلئے جھوٹ ہی جن کا وطیرہ ہو، ان سے عوام کو کوئی امید نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کو روندنے والےمیاں مفرور کا بیانیہ اداروں اور ملک مخالفت کا بیانیہ ہے، انصاف اور احتساب کو جیب میں سمجھنے والے عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ٹیلی فون پر فیصلے کرانے والے آج نظام انصاف پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں، ایک جھوٹ چھپانے کیلئے نااہلوں کو روزانہ جھوٹ بولنا پڑتا ہے، فیصلہ ان کے حق میں آئے تو انصاف ان کے خلاف آئے تو ناانصافی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے پاناما لیکس کے بعد کرپٹ شریف خاندان اصل رنگ دیکھے، پوری قوم جانتی ہے کہ غریب عوام کا پیسہ لوٹ کر پوری دنیا میں جائیدادیں بنائی گئیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا  کہ آج بھی جس فلیٹ میں رہ رہے ہیں اس کی ٹریل نہیں دی، جن کی پوری سیاست آمر کی گود سے شروع ہوکر این آر او پر ختم ہوئی ہو ان کا نظریات سے کیا لینا دینا۔ انہوں نے کہا کہ زیر کفالت بچوں کے نام 16 آف شور کمپنیاں بنانے والے میاں مفرور آج پارسائی کا لبادہ اوڑ کر نظریاتی ہوگئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved