اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات سمیت دیگر بلز عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

17  ‬‮نومبر‬‮  2021

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور جے یو آئی کے رہنماء مولانا اسد محمود اور این پی کے رہنماء امیر حیدر خان ہوتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قانون سازی کا عمل بلڈوز کیا، انہوں نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2021ء سمیت دیگربلوں کو عدالت میں چیلنج کرنےکا اعلان کردیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  آج پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام روایت کو پیروں تلے روند دیا، ہم نے کہا کہ قواعد پر عمل کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہماری ایک بات بھی نہیں مانی، میں ، بلاول بھٹو اور اسعد محمود نے اسپیکر کو بہت سمجھانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے بات نہیں مانی، اجلاس میں ہماری تعداد 200 سے اوپر تھی، حکومتی لوگوں کے ووٹ زیادہ گنے گئے۔اسی لئے  اسپیکر سے بار بار درست ووٹنگ کرانے کا کہا، ای وی ایم کو ایول ورچوئل مشین کہتا ہوں، ای وی ایم ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ ترمیم بل 2021ءسمیت دیگر بلوں کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مشترکہ اجلاس کے اپنے قواعد ہوتے ہیں، مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جیت نہیں ہوئی ، حکومت کو شکست ہوئی ہے، جوائنٹ سیشن میں قانون سازی کے لئے 222 حکومتی اراکین کا ہونا ضروری ہے، حکومت کے نمبرز پورے نہیں تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی  کا کہنا تھاکہ کلبھوشن کو این آراو اور الیکشن ترمیمی بل سمیت دیگربلز کو ہرفورم پر چیلنج کریں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved