سابق وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے خاندان میں اختلافات کی خبروں کی تردید کی ہے۔
اپنے بیان میں رہنماء مسلم لیگ ق مونس الٰہی نے کہا کہ وقت کے ساتھ چیزیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، خاندانوں میں اختلاف رائے ہوتا ہے، لیکن چوہدری شجاعت حسین اب بھی حتمی اتھارٹی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ ہمارے بزرگ ہیں اور ساتھی ہیں، اور سالک حسین نے وقتی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے، دونوں ہی ہمارے ساتھ واپس آجائیں گے۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ یہ نئے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
پنجاب کی سیاسی صورتحال کے متعلق انہوں نے کہا کہ عدالت نے تو پوری اسمبلی ڈپٹی اسپیکر کے حوالے کردی تھی، پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے الیکشن کے روز جو ہوا وہ سب نے دیکھا، چیف منسٹر کا الیکشن ہاؤس میں منظوری سے ہوتا ہے۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے استعفوں کا فیصلہ پی ٹی آئی نے کرنا ہے، ہم ان کا ساتھ دیں گے۔