پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
دنیا بھرکی طرح پاکستان میں آج یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن منانے کا مقصد مزدوروں، محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کرنے کیلئے آواز اٹھانا ہے۔مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی یوم مزدور پر پاکستان اور پوری دنیا کے محنت کشوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، محنت کشوں کی ترقی کے بغیر دنیا کی حقیقی ترقی ادھوری ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مزدور کو اپنا دوست قرار دیا ہے، حکم ہے کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی اجرت ادا کی جائے، یہ اسلام میں مزدوروں کی حیثیت اور ان کے معاشی حقوق کی واضح تعریف ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ جیسے ہی میں نے وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالا تو ہم نے کم ازکم اجرت بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مزدوروں کی بھلائی اور خوش حالی کے لیے دعاگو ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ محنت ہی میں عظمت پر ہمارا یقین پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، خوش حال اور مطمئن افرادی قوت ہی ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔