وزیر اعظم شہباز شریف کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات، باہمی تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم

1  مئی‬‮  2022

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات کی ہے۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ، دونوں ممالک نےاس عزم کا اظہار اتوار کو یہاں وزیراعظم شہباز شریف اورابوظہبی کے ولی عہدومتحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ملاقات کے دوران کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے بانی اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان ۔یواےای کی دوستی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے کے لئے ان کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی بصیرت کی روشنی میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کے لئےپر عزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر ابوظہبی پہنچے ،کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلی حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ولی عہد نے شہبازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان ذمہ داریوں میں عظیم کامیابی کے لئے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لئے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ دونوں رہنماوں نے متعد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔ متحدہ عرب امارات کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین پچاس سال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے یواے ای کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے دوبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پر’یواےای کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دوطرفہ اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پریواےای کو خراج تحسین پیش کیا اورخاص طور پر یواےای ۔ پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور کورونا عالمی وبا کے دوران متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔

انہوں نے 1.7 ملین پاکستانیوں کی عزت ووقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر یواے ای سے اظہار تشکر کیا جو نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔ عزت مآب شیخ محمد زاید آل نھیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔ انہوں نےیواےای میں رہائش پذیرپاکستانیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اس وقت یہاں تھے جب دوسرے ممالک کے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور یواے ای ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لئے دونوں برادر ممالک کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ،اوآئی سی سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لئے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ رواں ماہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved